بھٹکل 28 جنوری (ایس او نیوز) یہاں بندر روڈ پر واقع جناب محمد سلیم اکرمی کے گھر کا تالہ توڑ کر چور اندر گھسنے میں کامیاب ضرور ہوگئے،مگرغالباً قیمتی سامان چرانے میں کامیاب نہیں ہوسکے، واردات جمعہ کی دوپہر کو سامنے آئی ہے۔
اطلاع کے مطابق گھر کے مالک محمد سلیم اکرمی دبئی میں مقیم ہیں، دوماہ قبل گھر پر تالہ لگا کرگئے تھے، البتہ انگن کے پودوں اور درختوں کو پانی دینے اور گھر کی صاف صفائی وغیرہ کرنے کے لئے قریبی لوگ آکر دیکھ ریکھ کرتے رہتے ہیں۔ مگر آج صبح اچانک پتہ چلا کہ دروازے کا تالہ ٹوٹا ہوا ہے، اندر جاکر دیکھا گیا تو پتہ چلا کہ چاروں بیڈروم میں موجود الماریوں کے اندر رکھے ہوئے کپڑے اور دیگرسازو سامان نیچے بکھرے پڑے ہیں۔ چونکہ بھٹکل میں چوری کی وارداتیں ہوتی رہتی ہیں اوربالخصوص بند گھروں میں چوریوں کا ہونا عام بات ہے، اس لئے گھر میں کوئی قیمتی سامان نہیں تھا، اس بنا پر سمجھا جارہا ہے کہ چوروں کو مایوسی ہوئی ہوگی کہ اُنہیں اُن کی ضرورت کا کوئی سامان نہیں مل سکا۔ گھر والوں کا کہنا ہے کہ گھر میں چوروں کو کچھ نہں ملا ہوگا، البتہ چھوٹی موٹی چیزیں چرائی ہوں گی یا کچھ چھوٹی موٹی رقم اگر الماری میں کہیں ہوگی تو چرانا ممکن ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پرپہنچی، ڈاگ اسکواڈ کے ذریعے جانچ کرنے کے ساتھ ساتھ اطراف کے لوگوں سے بھی پولس نے تفتیش کی ہے۔
پی ایس آئی کوڈگُنٹی اور پی ایس آئی سوما سمیت ان کا عملہ اس تعلق سے چھان بین میں مصروف ہے۔